بشریٰ بی بی نے عیدالفطر پر زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خدشے کے پیش نظر کس کو مراسلہ لکھ دیا

لاہور( پی این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عیدالفطر کے موقع پر زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خدشے کے پیش نظر وزیراعظم اور نگران وزیراعلی پنجاب سمیت دیگر کو مراسلہ لکھ دیا۔ذرائع کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے مراسلہ ارسال کیا ہے۔

مراسلے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ عید کے موقع پر پولیس کی جانب سے زمان پارک میں آپریشن کا خدشہ ہے، لارجر بنچ کا فیصلہ موجود ہے تاہم عدالتی حکم کی غلط تشریح کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، پہلے بھی عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آپریشن کیا گیا۔مراسلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ وزیراعظم اور نگراں وزیر اعلی پنجاب سمیت دیگر حکام عدالتی حکم کی پاسداری کرتے ہوئے کسی بھی آپریشن سے باز رہیں، اگر زمان پارک آپریشن کیا گیا تو اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔یاد رہے عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے عید کے موقع پر زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کے خدشات کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت نے بشری بی بی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔اس سے قبل لاہور اور اسلام آباد کی ہائیکورٹس نے عمران خان کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں