پشاور(پی این آئی) حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے دور میں خیبرپختونخوا میں قائم کی گئی 8 پناہ گاہیں ختم کرنے کا حکم جاری کردیا۔ پاکستان بیت المال نے پی ٹی آئی کے دور میں قائم کردہ پناہ گاہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان بیت المال نے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے پشاور میں آٹھ پناہ گاہیں بند کرنے کا حکم بھی جاری کردیا ہے۔حکم نامے میں یہ پناہ گاہیں بند کرنے کا کہا گیا ہے اور تمام اضلاع کو باقاعدہ طور پر آگاہ بھی کردیا گیا جس کے ساتھ ہی پناہ گاہوں میں کام کرنے والے 36 ملازمین کو بھی نوکری سے فارغ کردیا گیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری افطار کے بعد پناہ گاہیں بند کردی جائیں۔خیال رہے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت دوبارہ بننے کے بعد پنجاب میں صحت انصاف کارڈ، لنگر خانے، پناہ گاہیں، احساس پروگرامز دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ فیصلہ کیا گیا تھا۔27 جولائی2022ء کو چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات میں مشاورت پر پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں صحت انصاف کارڈ، لنگر خانے اور پناہ گاہیں دوبارہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب حکومت کو احساس پروگرام بحال کرنےکی ہدایت کر دی۔ عمران خان نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو پنجاب حکومت کی مدد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں صحت کارڈ، پناہ گاہیں اور دیگرفلاحی کاموں کو بحال کیا جائے۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ ثانیہ نشتر فوری پنجاب میں پہنچ کرتمام معاملات کی نگرانی کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں