فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر پر بڑ ا الزام عائد کر دیا

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن نہ ہونا پاکستان کے ہر شہری کی شکست ہے، نگران حکومت کی مدت ختم ہونے پرعدالت جا رہے ہیں، ہم نے پٹیشن تیار کر لی۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرنا ہو گا، اگر عمل نہیں ہوتا تو مطلب آئین ختم ہو جائے گا، پاکستان میں آئینی بحران میں مزید اضافہ ہو جائے گا، پارلیمنٹ کہہ رہی ہے کہ وہ الیکٹ ہو گئے اب الیکشن ہی نہیں ہو گا، اس حکومت کو پاکستان کے امیج کی کوئی پرواہ نہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں چار مارشل لا لگے، فوج کی مداخلت بہت زیادہ ہے، فوج کو خود دیکھنا ہو گا کیا اسی طرح رہنا ہے، وزیر داخلہ کہہ رہا ہے ملک کی سکیورٹی بہت خراب ہے، الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے الیکشن نہیں کرا سکتے، الیکشن کمشنر کے گھر کی تزین و آرائش پر پیسے لگائے جا رہے ہیں، وزیر داخلہ اور چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ کوئی شرم اور کوئی حیا ہوتی ہے، ان کی کوئی حیثیت نہیں یہ سارے شطرنج کی چالیں ہیں، سپریم کورٹ، اسٹیبلشمنٹ کی ذمہ داری ہے الیکشن کرائے، آئین کے تحفظ کا انہوں نے حلف اٹھایا ہوا ہے، اگر یہ نہیں فیصلہ کریں گے تو پھر پاکستان کے عوام کو حقوق کیلئے لڑنا ہو گا، آرٹیکل 187 کہتا ہے سپریم کورٹ کوئی بھی حکم جاری کر سکتی ہے۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مزید کہا ہے کہ ججز کی لڑائی کے حوالے سے غلط خبریں چلوائی گئیں، سپریم کورٹ کو چیک کرنا چاہیے کس وٹس ایپ نمبرز سے خبر آئی تھی، تحریک انصاف نے ڈائیلاگ کیلئے کوئی بھی شرط نہیں رکھی، ڈائیلاگ میں صرف الیکشن کے فریم ورک پر بات ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close