عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس، حکومت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اسلام آباد ( پی این آئی)سپریم کورٹ میں عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس،حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توہین عدالت کیس میں جلد سماعت کی درخواست دائر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف پی ٹی آئی رہنماؤں کے ریڈ زون میں داخلے ہونے کے معاملے پر پیشرفت ہوئی ہے۔

وفاقی حکومت نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں جلد سماعت کی درخواست دائر کر دی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت عید تعطیلات کے فوری بعد مقرر کی جائے،کیس کی گزشتہ سماعت 2 دسمبر 2022 کو ہوئی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کی تاہم پانچ ماہ گزرنے کے باوجود کیس دوبارہ مقرر نہ ہوا،25 مئی 2022 کو عمران خان نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی تھی،پی ٹی آئی قیادت نے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ کراچی کمپنی سے آگے نہیں جائیں گے،عمران خان اور دیگر رہنما یقین دہانی کے باوجود ڈی چوک تک پہنچے تھے۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف درج 121 مقدمات کے اخراج کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے عمران خان کی درخواست پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کر دی،کیس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیا گیا۔ عمران خان نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ آپ کی عدالت سے حکم گیا اور اگلے دن انہوں نے حملہ کر دیا۔

یہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔ 6 دن گھر میں ہوں گا مجھے اطلاع ملی ہے کہ یہ پھر آپریشن کریں گے،میں تو اس خون خرابے کو روکنا چاہتا ہوں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ جب درخواست گزار کو بلایا جاتا ہے وہ نہیں آتا،یہ کیس قابل سماعت نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close