وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کی سمری منظور کر لی

اسلام آباد ( پی این آئی) وفاقی کابینہ نے پنجاب انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ قومی اسمبلی کو بھیج دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا،اجلاس میں الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کا معاملہ قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کی سمری منظور کر لی اور پنجاب انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ قومی اسمبلی کو بھیج دیا۔وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سمری اب قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے انتخابات سے متعلق فنڈز کیلئے سمری آج ہی کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا،جبکہ وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے بتایا کہ کابینہ سے منظوری کے بعد فنڈز کا معاملہ آج ہی قومی اسمبلی میں بھیجا جائے گا،اسٹیٹ بینک کو پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اخراجات کا اختیار نہیں،قومی اسمبلی نے منظوری دی تو فنڈز جاری ہو جائیں گے،خزانہ ڈویژن بھی وفاقی کابینہ اور قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر فنڈز استعمال نہیں کر سکتا۔قبل ازیں قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں انتخابات کے لیے 21 ارب روپے مختص کر دئیے۔ الیکشن کے لیے فنڈز مختص کر دئیے تاہم یہ پیسے حکومت پاکستان کے ہیں۔فنڈز مختص کرنے سے پیسے اکاؤنٹ میں ہی موجود رہیں گے۔ جبکہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر پنجاب میں الیکشن کیلئے فنڈز کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا خصوسی اجلاس ہوا،سپریم کورٹ کی طرف پنجاب میں الیکشن کروانے کیلئے اسٹیٹ بینک کو فنڈز جاری احکامات کا قانونی جائزہ لیا گیا۔ حکومت نے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کا معاملہ قومی اسمبلی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں