مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والی گاڑی کس کی تھی؟ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیربرائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی گاڑی کے حادثے میں موت سے متعلق پولیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

مفتی عبدالشکورکی گاڑی سے ٹکرانے والی ویگو گاڑی پولٹری بزنس سے وابستہ شخصیت کے اسکواڈ کا حصہ تھی، حادثے کے وقت گاڑی کی رفتار 110 کلومیٹر تھی جب کہ مفتی عبدالشکور کی گاڑی کی رفتار 30 کلومیٹر تھی۔موٹر وہیکل ایگزامنر رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہراہ دستور پر جائے حادثہ کے مقام پر اس وقت ٹریفک سگنلز فری تھے، شاہراہ دستور پر جائے حادثہ کے مقام پر گاڑی کی حد رفتار 60 کلومیٹرفی گھنٹہ مقرر ہے، ٹکر مارنے والی گاڑی میں کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں تھا، حادثے کے باعث مفتی عبدالشکور کی گاڑی کا ٹائر اور ایکسل الگ ہوگیا۔

ادھر جمعیت علماء اسلام ف نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالشکور کی گاڑی کے حادثے میں موت کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا، اس سلسلے میں جے یو آئی رہنما حاجی قدرت اللہ نے تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست جمع کرائی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور میرے گھر افطاری کیلئے آئے تھے، افطاری کے بعد 8 بجے وفاقی وزیر اپنی رہائش گاہ لاجز کی جانب روانہ ہوئے جس کے بعد رات 10 بجے کے قریب میرے نمبر پر کال کرکے اس افسوسناک حادثے کی اطلاع دی گئی۔انہوں نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ یہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے، اس لیے مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں کیوں کہ تیز رفتار گاڑی نے انتہائی غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری، تیز رفتار گاڑی میں سوار تمام افراد کی تحقیقات اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیش آئے ایک ٹریفک حادثے میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبد الشکور جاں بحق ہو گئے، اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ مولانا عبد الشکور وفاقی دارالحکومت کے ایک نجی ہوٹل سے سیکرٹریٹ چوک کی جانب جاتے ہوئے شاہراہ دستور پر ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے، ٹریفک حادثے میں وفاقی وزیر شدید زخمی ہوئے جس کے بعد انہیں فوری پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے جب کہ ڈرائیور اور گاڑی میں سوار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبد الشکور خود اپنی گاڑی چلا رہے تھے، گاڑی تیز رفتاری کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئی، وفاقی وزیر کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرائی۔

ڈرائیور والی سائیڈ سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، اسی لیے مولانا عبدالشکور حادثے میں اس قدر شدید زخمی ہوئے کہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی ان کا انتقال ہو گیا جب کہ حادثے کا شکار ہونے والی دوسری گاڑی میں سوار 2 افراد بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close