پیٹرول کے بعد ایل پی جی کتنی مہنگی ہوگئی؟ عوام کیلئے ایک اور بڑا جھٹکا

اسلام آباد (پی این آئی) عید سے قبل رات گئے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا اور اب ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں اس نئے اضافے سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 450 روپے اضافہ ہوگیا، ایل پی جی کی سرکاری قیمت 229 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم بڑے شہروں میں ایل پی جی 310 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے جب کہ پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں ایل پی جی 330 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے اور گلگت بلتستان میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 360 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ادھر آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا، مختلف مدوں میں بجلی اور گیس کے ٹیرف میں اضافے کے بعد پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے طبقات زندہ درگور ہو جائیں گے، بے پناہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ امسال عید الفطر پر خریداری کے رجحان میں کمی دیکھی جارہی ہے۔اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کو پورا کرتے کرتے عوام کی نبض ڈوبنا شروع ہو گئی ہے۔

رواں ماہ میں گیس کی قیمتوں میں 112فیصد تک اضافہ کیا گیا جبکہ اسی طرح بجلی کی قیمتیں بھی بڑھائی گئی ہیں ،اس کے تسلسل میں پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھاکر عوام پر مزید بوجھ لادھ دیا گیا جس سے ان کے لئے دو وقت کی روٹی کو پورا کرنا مشکل ہوگیا ہے، جب عوام کی قوت خرید نہیں ہو گی تو اس کے کاروبار بھی منفی اثرات ہوتے ہیں۔آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال عید الفطر پر خریداری کے رجحان میں مزید کمی ہوئی ہے اور تاجروں نے جو پیشگی آرڈرز تیار کرائے ہیں ا ن کی ادائیگیاں کرنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے، حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات کے ساتھ متبادل حکمت عملی پر بھی کام کرے تاکہ قرضوں سے چھٹکارا مل سکے اور عوام کو بھی سکھ کا سانس آ سکےخیال رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کر دیا ہے۔۔

اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے جس کے بعد فی لیٹر قیمت 272 روپے سے بڑھ کر282 ہوگئی، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 186 روپے 7 پیسے فی لیٹر ہوگی، تاہم ہائی اسپیڈ اور لائٹ ڈیزل کی قیمت بغیرکسی ردوبدل کے برقرار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں