ٹک ٹاک کے بہانے اغواء کیے نوجوان کچے کے علاقے سے بازیاب

کشمور (پی این آئی)ضلع کشمور کے میلے میں ٹک ٹاک بنانے کے بہانے بلوائے گئے لڑکوں کو اغوا کر لیا گیا تھا جنہیں پولیس نے ایک آپریشن کے بعد بازیاب کرا لیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس لاڑکانہ عمران خان کے مطابق ڈاکوؤں نے دو نوجوانوں فرمان میرانی اورسعید بھٹی کو فیس بک کے ذریعے رابطہ کرکے کشمور میں لگنے والے میلے اور وہاں ٹک ٹاک بنانے کیلئے بلایا۔دونوں ویگن پر سوار ہو کر لاڑکانہ سے کندھ کوٹ پہنچے جہاں سے ڈاکوؤں نے انہیں اغوا کرکے کچے میں رکھا اور ان پر تشدد کرتے ہوئے

ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی جس میں ان کے ورثا سے 25 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔دونوں نوجوانوں کی بازیابی کے لیے ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ نے لاڑکانہ اور کندھ کوٹ کشمور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیں اور غوث پور تھانے پر سرکار کی مدعیت میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔پولیس کی ٹیموں کی جانب سے کچے میں دونوں نوجوانوں کی موجودگی کی ملنے والی اطلاع پر کارروائی کی گئی اور دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں مغویوں کو باحفاظت بازیاب کروالیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close