وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کچھ روز قبل عازمین حج سے متعلق کونسی بڑی درخواست کی تھی جو قبول کر لی گئی؟

اسلام آباد (پی این آئی) جمعیت علماء اسلام سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور وفاقی دارالحکومت میں ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔

 

 

 

وہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے قبائلی علاقے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے این اے 51 سے 2018 کا الیکشن لڑا اور 21 ہزار 896 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مفتی عبدالشکور میریٹ سے سیکریٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے، شاہراہ دستور پر ایک گاڑی نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ انہیں پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔اپریل 2022 میں اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کا تحریک عدم اعتماد کے ذریعے خاتمہ کیا گیا تو مفتی عبدالشکور کو وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کا عہدہ دیا گیا ۔

 

 

کچھ روز پہلے ہی انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے خصوصی درخواست کی تھی کہ رواں سال حج کیلئے قرعہ اندازی نہ کی جائے بلکہ درخواست جمع کرانے والے تمام لوگوں کو حج پر بھیجا جائے، ان کی یہ درخواست قبول کرلی گئی تھی۔ رواں سال حج کیلئےریگولر سکیم کےتحت 44 ہزار 190 کا کوٹہ مختص تھا لیکن 37 ہزار زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں۔ مفتی عبدالشکور کی درخواست پر حکومت نے فیصلہ کیا کہ قرعہ اندازی کے بغیر تمام 72 ہزار 869 افراد کو حج پر بھیجا جائے گا۔گزشتہ سال بھی انہوں نے حجاج کرام کیلئے زبردست کام کیا تھا اور انہیں 5 ارب 10 کروڑ روپے کی رقم واپس دلوائی تھی۔

 

 

 

وزیراعظم شہباز شریف نے مفتی عبدالشکور کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیراعظم نے مفتی عبدالشکور کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے ، مفتی عبدالشکور جے یو آئی (ف) کے متحرک اور نظریاتی رہنما وں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دئیے،مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 

 

صدر مملکت عارف علوی نے بھی وفاقی وزیر مفتی عبد الشکور کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ،صدر مملکت نے مرحوم کی بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا،صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی ، صبر جمیل کی دعاکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close