وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے انتقال پر وزیراعظم شہباز شریف کا ردِعمل آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم نے وزیر مذہبی امور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں مفتی عبدالشکور اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق مولانا عبد الشکور وفاقی دارالحکومت کے ایک نجی ہوٹل سے سیکرٹریٹ چوک کی جانب جاتے ہوئے شاہراہ دستور پر ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے۔ٹریفک حادثے میں وفاقی وزیر شدید زخمی ہوئے جس کے بعد انہیں فوری پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈرائیور اور گاڑی میں سوار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔اس حوالے سے جیو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبد الشکور خود اپنی گاڑی چلا رہے تھے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئی، وفاقی وزیر کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرائی، ڈرائیور والی سائیڈ سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، اسی لیے مولانا عبدالشکور حادثے میں اس قدر شدید زخمی ہوئے کہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی ان کا انتقال ہو گیا۔ جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی دوسری گاڑی میں سوار 2 افراد بھی شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے مفتی عبدالشکور کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close