عید کی چھٹیوں میں زمان پارک پر یلغار کا منصوبہ، عمران خان نے خدشہ ظاہر کر دیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر زمان پارک پر یلغار کے نئے منصوبے پر کام جاری ہے،ان کا خیال ہےکہ انتخابات کی صورت میں ہمیں کمزور کردیں گے؟ میں دوٹوک الفاظ میں واضح کرتا ہوں یہ ہتھکنڈے کسی کام نہیں آئیں گے۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اپنے سینئر قائدین میں سے ایک اور یعنی علی زیدی کی کراچی سے گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔یہ سب اسی لندن پلان کا حصہ ہے جس کے تحت نواز شریف کو تحریک انصاف کو کچلنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔ تحریک انصاف کے 3000 سے زائد کارکنان کو گرفتار، اغواء اور وحشت کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ پہلے علی امین اور اب علی زیدی کو اٹھا لیا گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ پولیس کے ذریعے مزید غیرقانونی کارروائیوں سمیت 27 رمضان المبارک کے بعد یا عیدالفطر کے موقع پر زمان پارک پر یلغار کے نئے منصوبے پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ان کا خیال ہے کہ انتخابات کی صورت میں ہمیں کمزور کردیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ میں دوٹوک الفاظ میں واضح کر دوں کہ یہ ہتھکنڈے ان کے کسی کام نہیں آئیں گے۔ ان سب حربوں سے محض عوام کا غصّہ ہی بڑھ رہا ہے اور یہ اس ناپاک لندن منصوبے کا خمیازہ انتخابات میں بھگت لیں گے۔

یاد رہے سندھ پولیس نے پی ٹی آئی رہنماء علی حیدر زیدی کو گرفتار کرلیا ہے۔اے آروائی نیو زکے مطابق بتایا گیا ہے کہ علی زیدی کی گرفتاری ابراہیم حیدری تھانے میں فراڈ کے مقدمے میں کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فرخ حبیب نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف سندھ آفس سے پارٹی کے صوبائی صدر علی حیدر زیدی سندھ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی سندھ کا کہنا ہے کہ صوبائی صدر علی زیدی تنظیمی عہدیدران سے ملاقاتیں کررہے تھے کہ کچھ اہلکار بغیر وارنٹ کے دفتر میں داخل ہوئے، اور علی زیدی کو گرفتار کرلیا ، پولیس اہلکاروں نے علی زیدی کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ، اہلکار جاتے وقت دفتر سے کچھ افراد کے موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔ترجمان تحریک انصاف سندھ نے پارٹی دفتر میں چھاپے اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ اسی طرح پی ٹی آئی رہنماء فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ پولیس نے پی ٹی آئی سندھ آفس میں توڑ پھوڑ بھی کی، سندھ حکومت کیلئے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ پی ٹی آئی ترجمان فواد چودھری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے صدر علی زیدی کو بغیر کسی وارنٹ کے گرفتار کیا گیا ہے، ظلم اور جبر کا یہ نظام کسی طور قبول نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں