سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان میں کتنے ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں؟ بڑی خوشخبری آگئی

اسلام آباد ( پی این آئی ) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد سلمان پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد جواد سہراب ملک س ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آئندہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں توانائی اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں 10 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری میں اضافے کے خواہاں ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں سعودی سفیر نے سعودی حکومت کی طرف سے رواں اور آئندہ سال کے دوران سعودی عرب میں مختلف شعبوں کیلئے پاکستان سے مزید افرادی قوت بھرتی کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، فریقین نے دوطرفہ کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، پاکستان سے مزید افرادی قوت کی برآمد اور مختلف اقتصادی شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امور پر مفید بات چیت کی، دونوں ممالک نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ملاقات کے دوران جواد سہراب نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور سٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں 2 ارب ڈالرز جمع کرانے کی تصدیق پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے آئندہ ترقیاتی منصوبوں میں پاکستانی محنت کشوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے کے سعودی عزم کو سراہا، پاکستان میں کاروبار کے مختلف مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے معاون خصوصی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں مصنوعات کی تیاری اور خدمات کی فراہمی کے شعبے میں متعدد مواقع موجود ہیں جن سے خلیجی ملکوں کے لئے برآمدات کے ذریعے نمایاں فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close