اسلام آباد(پی این آئی) حکومتی جماعتوں نے سپریم کورٹ پروسیجر اینڈ پریکٹس بل پرتاحکم ثانی عملدرآمد روکنے کا عدالتی حکم مسترد کردیاہے۔حکمران جماعتوں کا کہنا ہے کہ محض اندازے کی بنیاد پر ایک متنازع اور یکطرفہ بینچ بنا کرقانون کو بننے سے پہلے ہی ختم کردیا گیا ہے۔
یہ صرف مروجہ قانونی طریقہ کار ہی نہیں منطق کے بھی خلاف ہے، یہ مفادات کے ٹکراؤ کی کھلی اور سنگین ترین مثال ہے، یہ عدل و انصاف اور سپریم کورٹ کی ساکھ کا قتل ہے۔ اتحادی جماعتوں کی جانب سے جاری ہونیوالے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ نہیں،”ون مین شو” کا شاخسانہ ہے جسے عدالتی تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، یہ وفاق پاکستان پر حملہ اور سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججوں پر بھی عدم اعتماد ہے۔اتحادی جماعتوں نے کہا کہ وکلاء برادری آئین و قانون کے ساتھ ہونے والے سنگین مذاق کا نوٹس لے اوراصولوں کی پاسداری کیلئے آواز بلند کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں