نواز شریف کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی یقین دہانی کرائی گئی، عمران خان کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد ( آئی این پی ) سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نے کہا ہے کہ لندن پلان کے تحت نواز شریف کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔میرے سیکیورٹی انچارج افتخار گھمن کو اغوا کر لیا گیا ہے اور میرے قریبی لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ بدھ کو سابق وزیر اعظم و چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ آج میرے سیکیورٹی انچارج افتخار گھمن کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

یہ سب کچھ لندن پلان کا حصہ ہے جہاں نواز شریف کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب لندن پلان کے تحت آئین اور قانون کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے میرے قریبی لوگوں، میری قیادت کے ساتھ موجود لوگوں کو پاکستان بھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے، اغوا کیا جا رہا ہے، تشدد کیا جا رہا ہے اور شرمناک مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ جب علی امین کو اغوا کیا گیا تو ڈی پی او نے ڈیرہ اسمعیل خان میں سیشن جج کو کہا کہ وہ توہین عدالت کا چارج برداشت کر لیں گے لیکن علی امین گنڈا پور کو حراست میں ضرور لیں گے کیوں کہ اوپر سے احکامات آئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close