آٹے کے بحران کا خدشہ، گندم کی ترسیل بند ہونے سے فلورملز بند ہوگئیں

کراچی (پی این آئی) کراچی میں گندم کی ترسیل بند ہونے سے 50فیصد سے زائد فلور ملیں بند ہوگئیں، کراچی کی فلورملوں کے لیے اندرون سندھ سے گندم کی ترسیل پر پابندی عائد کیے جانے کا انکشاف۔

پابندی ختم نہ کیے جانے سے آنے والے چند روز میں کراچی کی دیگر تمام فلور ملیں بند ہوجائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے کراچی کے لیے گندم کی ترسیل پر غیراعلانیہ پابندی ختم کرنے حکومت سندھ کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیدیا ہے۔پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے کراچی کے لیے گندم کی ترسیل پر غیراعلانیہ پابندی ختم کرنے کیلیے الٹی میٹم منگل کے روز شام ایسوسی ایشن سندھ ریجن کے چئیرمین چوہدری عامر کی صدارت میں ہنگامی اجلاس میں دیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی کی فلورملوں کے لیے اندرون سندھ سے گندم کی ترسیل پر پابندی ختم نہ کرنے کی صورت میں 48گھنٹے بعد سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

چوہدری عامر نے بتایا کہ کراچی میں گندم کی ترسیل بند ہونے سے 50فیصد سے زائد ملیں بند ہوگئی ہیں جبکہ آنے والے چند روز میں کراچی کی دیگر تمام فلور ملیں بند ہوجائیں گی،کراچی میں گندم کی پیداوار نہیں ہوتی ہے، کراچی کی فلورملیں اندرون سندھ سے ہی نجی گندم حاصل کرکے آٹا ودیگر مصنوعات تیار کرتی ہیں لہذا حکومت اندرون سندھ سے گندم کی آزادانہ نقل وحمل کی فوری اجازت دے۔ انھوں نے بتایا کہ اندرون سندھ میں 100کلو گندم 10400روپے ہے جبکہ کراچی میں وہی گندم 11800روپے فروخت کی جارہی ہے، صوبے میں گندم کی قیمتوں میں یہ فرق بدعنوانی کا باعث بن گیا ہے، گندم کی ترسیل پر غیراعلانیہ پابندی سے کراچی میں آٹے کے بحران کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں