اسلام آباد (پی این آئی) عید کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب، چئیرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت چاند کی رویت کیلئے اجلاس اسلام آباد میں ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں رمضان المبارک کے 20 سے زائد روزے گزر جانے کے بعد عید الفطر کی آمد کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ جبکہ پاکستان میں رویت ہلال ریسرچ کونسل کی جانب سے ملک میں شوال کے چاند کی رویت سے متعلق پیشن گوئی کی گئی ہے۔ رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات 20 اپریل کی شام ہوگا تاہم اس شام عید کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے، لہذاعید الفطر 30روزے مکمل ہونے کے بعد ہفتہ 22 اپریل 2023ء کو منائی جائے گی۔ رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق چاند کی پیدائش جمعرات 20 اپریل کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 13 منٹ پر ہوگی۔
یوں اس روز یعنی 29 رمضان المبارک کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو رویت کے لئے 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 10 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی۔ چنانچہ پاکستان کے تمام علاقوں میں مطلع انتہائی صاف ہوا تو بھی 20 اپریل کی شام ٹیلی اسکوپ پر بھی چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ سیکریٹری رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق 21 اپریل کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 33 گھنٹوں سے زائد ہو چکی ہو گی لہذا اس روز چاند ناصرف باآسانی نظر آ جائے گا، بلکہ غروب قمر کا وقت بھی قدرے زیادہ ہو گا۔ یوں 21 اپریل کو 30 رمضان المبارک اور 22 اپریل کو یکم شوال ہو گی۔ دوسری جانب بین الاقوامی مرکز برائے فلکیات کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات، سعودی عرب سمیت کئی اسلامی ممالک میں 20 اپریل بروز جمعرات کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان ہے، یوں ان ممالک میں جمعہ 21 اپریل کو عید منائی جائے گی۔
جبکہ کئی ممالک میں جمعہ 21 اپریل کو شوال کا چاند نظر آنے کی صورت میں 22 اپریل بروز ہفتہ کو عید ہو گی۔ اس حوالے سے ایمریٹس آسٹرونومیکل سوسائٹی نے رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی پیشن گوئی کی تھی کہ عید الفطر کا پہلا دن جمعہ 21 اپریل کو ہوگا کیوں کہ اس سال رمضان المبارک کا مہینہ 29 دنوں کا ہوگا۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز 23 مارچ سے ہوا تھا۔ پاکستان سمیت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کئی ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز 23 مارچ جبکہ کئی ممالک میں ماہ مبارک کا آغاز 24 مارچ سے ہوا۔ کئی ممالک میں رمضان المبارک کا اختتام 29 ایام کے بعد ہونے کا امکان ہے، جبکہ کئی ممالک میں پورے 30 روزوں کے بعد ماہ مبارک کا اختتام ہو گا۔ پاکستان میں عید الفطر کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔
ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بلایا جاتا ہے، جس کے بعد چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان ہوتا ہے۔ دوسری جانب ایکسپریس نیوز کے مطابق کابینہ ڈویژن نے ملک بھر میں عیدالفطر پر چھٹیوں سے متعلق ورکنگ کا آغاز کر دیا ہے، عید کے لیے 4 سے5چھٹیاں دینے کی تجویز وزیراعظم ہاؤس کو دی جائے گی، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم اگلے ہفتے کریں گے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اگر عید جمعتہ المبارک کو ہوئی تو20 سے 23اپریل تک چھٹیاں ہونے کا امکان ہے جب کہ ہفتہ22 اپریل کو عید ہونے کی صورت میں 20 سے 24 اپریل تک چھٹیوں کا اعلان ہو سکتا ہے، کابینہ ڈویژن وزیراعظم کی باضابطہ منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں