آئی ایم ایف جانے کی کوئی ضرورت نہیں، حکومت کو سالانہ 12ارب ڈالرز کی ایک اور پیشکش کر دی گئی

کراچی(پی این آئی) فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے صدر ملک بوستان نے حکومت کو 12ارب ڈالر سالانہ دینے کی ایک اور پیشکش کر دی۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و وصولیات کا اجلاس گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، جس کی صدارت قیصر احمد شیخ نے کی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ایف اے پی کے صدر ملک بوستان نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک کے حکام کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں جن میں ملک کو درپیش ڈالرز کی کمی کو پورا کرنے کے کچھ قابل عمل طریقوں پر گفتگو کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیاں ماہانہ 30سے 40کروڑ ڈالر اور سالانہ 4ارب ڈالر کمرشل بینکوں کے ذریعے حکومت کو فراہم کرتی ہیں ۔اگر حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ’ڈائریکٹ سویپ پالیسی‘ (Direct Swap Policy) کے ذریعے ڈالرز لانے کی اجازت دے دے تو ایکسچینج کمپنیاں سالانہ 12ارب ڈالر تک پاکستان لا سکتی ہیں۔ملک بوستان نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیاں اپریل 2022ءسے اب تک موجودہ حکومت کو 4ارب ڈالر فراہم کر چکی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں