نواز شریف کی توشہ خانہ سےگاڑی لینے کی بات پر مریم نواز نے انٹرویو کاٹنے کا کہہ دیا، آف دی ریکارڈ ویڈیو وائرل

لاہور (پی این آئی) اینکر پرسن منصور علی خان کے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے ساتھ انٹرویو کا وہ حصہ سامنے آگیا جو کاٹ دیا گیا تھا۔

اس ویڈیو کلپ میں نواز شریف کی اس گاڑی کی بات کی جا رہی ہے جو انہوں نے 2008 میں توشہ خانہ سے لی تھی۔منصور علی خان نے مریم نواز سے سوال کیا کہ نواز شریف نے 2008 میں مرسیڈیز گاڑی نکلوائی، اس کی کیا ضرورت تھی، گاڑی کی اجازت ہی نہیں ہے۔ اس پر مریم نواز نے کہا کہ انہیں گاڑی ہمارے قریبی دوست ملک نے تحفے میں دی تھی، توشہ خانہ سے قانونی طور پر اس کے مطابق کوئی چیز خریدنا غلط بات نہیں ہے، توشہ خانہ سے چیز چوری کرنا وہ جرم ہے، جب یوسف رضا گیلانی کی حکومت تھی تو انہوں نے کہا کہ یہ تحفہ آپ کو ملا ہے، آپ اس کے پیسے دے کر لے کر جائیں۔منصور علی خان نے ایک بار پھر کہا کہ اس وقت گاڑی کی اجازت نہیں تھی۔ اس پر مریم نواز نے کہا ” ایک سیکنڈ ذرا اس کو کاٹ دیں۔” انہوں نے مریم اورنگزیب کی طرف اشارہ کرکے کہا کہ مجھے بتائیں کہ اس کا فیکٹ کیا ہے۔

میں اس کی حقیقت چیک کرلوں۔ اس کے بعد مریم اورنگزیب نے گفتگو کی جس کی آواز واضح نہیں ہے۔ اس پر اینکر پرسن نے کہا قواعد کو یوسف رضا گیلانی نے نواز شریف کیلئے ریلیکس کیا، انہوں نے زرداری صاحب کو بھی تین گاڑیاں دیں۔ اس پر مریم نواز نے کہا برائے مہربانی اس کو شامل نہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close