عمران خان کو پھر گرفتار کرنے کی کوشش؟ اسلام آباد پولیس ایک بار پھر متحرک ہوگئی

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف کو 2 دنوں میں 9 مقدمات کی تفتیش کے لیے طلب کرلیا، نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ عمران خان پیش ہو کر اپنا مؤقف دیں۔

پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 9 مختلف مقدمات میں تفتیش کے لئے 11 اور 12 اپریل کو طلب کیا ہے، سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سی ٹی ڈی سمیت 9 تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ان مقدمات میں تفتیش کے لیے وفاقی پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ وفاقی پولیس نے عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کے لئے نوٹسز بھجوا دیے ہیں، تمام نوٹسز عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک بھجوائے گئے ہیں۔

تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں عمران خان کو 2 مقدمات میں 11 اپریل کو طلب کیا گیا ہے اور پولیس لائنز میں بھی 11 اپریل کو 12 بجے بلایا گیا ہے، اس کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں بھی طلب کرلیا گیا، عمران خان کو 12 اپریل کو تھانہ کھنہ میں درج مقدمے میں طلب کیا گیا اور انہیں اپنے ہمراہ تمام دستاویزات لانے کی ہدایات بھی کی گئی ہے۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں ذاتی حیثیت میں11 اپریل کو عدالت طلب کیا ہے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے، توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ کے اندراج کے معاملے پر عدالت نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سابق وزیراعظم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے منگل کی صبح ساڑھے 8 بجے عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

معلوم ہوا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، نوٹس میں عمران خان کو تنبیہ کی گئی ہے کہ عدم پیشی پر قانونی ضابطے کے تحت کارروائی کی جائے گی، عدالت نے پولیس کو بھی مکمل ریکارڈ منگل تک پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوٹس کی تعمیل نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ عملہ عدالت میں حاضر ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close