عمران خان حملہ کیس کے اہم کردار کی پراسرار موت

وزیرآباد(پی این آئی)گزشتہ برس وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر ہونے والے حملے کے کیس میں مدعی ایس ایچ او عامر بھدر ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کر گئے۔

وزیرآباد ہولیس نے تصدیق کی کہ عامر بھدر کا انتقال حرکت قلب بند ہونے سے ہوا۔پولیس کے مطابق عامر بھدر عمران خان پر حملے کے وقت ایس ایچ او سٹی تعینات تھے۔ ان پر حملے کی ایف آئی آر بروقت درج نہ کرنے کا بھی الزام تھا۔عامر بھدر کیس کی تفتیش میں اہم کردار تھے۔ گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ ہارٹ اٹیک کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔عامر بھدر ان دنوں ایس ایچ او صدر وزیرآباد تعینات تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس تین نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر پر وزیر آباد میں اللہ والا چوک کے قریب فائرنگ ہوئی تھی جس میں سابق وزیراعظم سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔عمران خان نے وزیرآباد میں ہونے والے حملے کا الزام وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک سینیئر فوجی افسر پر لگایا تھا۔

سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کے سربراہ کو فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ قانون کے مطابق 24 گھنٹے میں درج کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ پانچ دن کی تاخیر سے مقدمہ وزیر آباد کے تھانہ کنجاہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں۔ تاہم اس مقدمے میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور سینیئر فوجی افسر کو نامزد نہیں کیا گیا۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے اس ایف آئی آر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close