اسلام آباد(پی این آئی)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 10 ارکان نے مشترکہ بیان جاری کردیا۔ بیان سپریم کورٹ بارایگزیکٹوکمیٹی ارکان یوسف مغل، عدنان اعجازشیخ، عبدالمالک بلوچ، عامرصابر، یاسر ظہور عباسی، سلیم اختر ورائچ، محسن ورک، عرفان میرہالیپوتا اور منوج کمار کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 10 ارکان نے بار کے صدر اور سیکرٹری کے بیان پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ 17 میں سے 10 ارکان صدر و سیکرٹری کی طرف سے جاری بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ ایگزیکٹو کمیٹی ارکان نے بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ بار کے صدر اور سیکرٹری کے بیان پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، صدر و سیکرٹری بار کے بیان میں ججوں کے درمیان فاصلوں کو مزید گہرا کرنے کی کوشش کی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر اور سیکرٹری بار کا بیان پارلیمان کی بالادستی پر حملے کی بھی کوشش ہے۔
ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس پاکستان تمام تحفظات کے خاتمے کےلیے فوری فل کورٹ اجلاس بلائیں، چیف جسٹس کو تمام اختلافی فیصلوں کی درستگی کےلیے فل کورٹ بینچ تشکیل دیناچاہیے۔ ارکان نے مزید کہا کہ صدر و سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایک سیاسی جماعت کے ترجمان کا کردارادا نہ کریں، انہیں بار کی فلاح، آئین کی بالادستی کےلیےکام کرناچاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں