لاہور(آئی این پی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جو لیڈر ہوتا ہے وہ خوفزدہ نہیں ہوتا، بزدل آدمی لیڈر نہیں بنتا نواز شریف بن جاتا ہے، غیرت مند انسان کی معاشرے میں عزت بڑھ جاتی ہے، بے غیرت آدمی اربوں پتی بھی ہو عزت نہیں ہوتی، جو بھی لیڈر بنے وہ غیرت مند بنے، لیڈر سچا اور ایماندار ہوتا ہے۔زمان پارک میں افطار پر آئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں اسلام کا سکالر نہیں ہوں میں نے اپنی زندگی سے سب سیکھا،
انسان کو اندر کی آزادی لا الہ الااللہ دیتا ہے اور معاشرے کی آزادی انصاف دیتا ہے، جو انقلاب اللہ کے نبیؓ لے کر آئے ویسا انقلاب دنیا میں کہیں نہیں آیا، لا الہ الااللہ کی طاقت تاریخ کا حصہ ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جنگ بدر میں تین سو تیرہ سپاہی تھے، 11 سال بعد خالد بن ولید کی لیڈر شپ کے سامنے رومن فوج نے گھٹنے ٹیک دئیے، 12ویں سال میں دوسری سپر پاور کو قدسیہ میں مسلمانوں نے شکست دی، لا الہ الااللہ کی طاقت ہے کہ دو سپر پاورز نے گھٹنے ٹیک دئیے، عربوں کو اللہ کے نبیؓ نے آزادی دی، انصاف دے کر معاشرے میں سب کو برابر کیا۔عمران خان نے مزید کہا کہ آزاد لوگ آزادی کیلئے کھڑے ہوتے ہیں، غلام لوگ آزادی کی جنگ نہیں لڑتے، جو بھی افغانستان اور قبائلی علاقوں سے گزر کر ہندوستان کو فتح کرنے آتا تھا تو دہلی پانی پت سے پہلے کوئی انہیں روکتا نہیں تھا، جو جنگ جیتتا تھا اس کا حکمران بن جاتا تھا ،
افغانستان کو تین سپر پاورز فتح نہ کر سکیں، ہندوستان والے پہلے ہی غلام تھے وہ نہیں لڑتے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہماری جنگ حقیقی آزادی کی ہے جو ہم لڑ رہے ہیں، جرگہ میں طاقتور کو کمزور کے سامنے بیٹھا کر انصاف کیا جاتا تھا، ہم نے انصاف لینا ہے، ہماری آزادی کی جنگ ہے جس کیلئے ساری قوم کو تیار ہونا ہے، چوروں کے ٹولے کو سہولت کاروں نے ہمارے اوپر ہمیں غلام سمجھ کر بٹھا دیا ہے، میرے گھر پر حملہ کیا، ابھی علی امین کو گرفتار کر لیا یہ بتانے کیلئے ہم غلام ہیں۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم سب لیڈر ہیں کیونکہ ہم اشرف المخلوقات ہیں، اللہ نے فرشتوں کو کہا انسان کے سامنے جھکو تو ابلیس نے اعتراض کیا، ہم اپنی صلاحیتوں کو آزماتے نہیں جس کی بڑی وجہ خوف ہے، لا الہ الااللہ خوف کے بت کو توڑتا ہے، کوفہ کے لوگوں نے یزید کے ڈر کی وجہ سے امام حسین کی مدد نہ کی، لا الہ الااللہ انسانوں کو غیرت مند بناتا ہے، لیڈر ہوتا ہی غیرت مند ہے۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں