اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی قرارداد وزیر اعظم کی نا اہلی کا پھندا ہے۔ کمال ہوشیاری سے وزیر اعظم کو ملزم سے مجرم بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔وزیر اعظم میں ہمت ہے تو قرارداد کے مطابق الیکشن نہ کروانے کا اعلان کرکے دیکھیں انہیں آٹے دال کا بھاؤمعلوم ہو جائے گا۔
وہ گزشتہ روزپاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق، جنرل سیکرٹری سردار صابر خان،صدر عوامی تحریک راولپنڈی غلام علی خان جنرل سیکرٹری سعید راجہ سے گفتگو کر رہے تھے،وزیر اعظم میں ہمت ہے تووزرات خزانہ کو تحریری حکم دیں کہ فنڈز وہ جاری نہ کرے وزیر اعظم میں ہمت ہے تووہ سیکرٹری دفاع کو تحریری حکم دیں کہ وہ فورس مہیا نہ کرے۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کو عدلیہ کے خلاف استعمال کرنے والی ذہنیت محاذ آرائی اور عدم استحکام میں شدت چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے الیکشن کروانے کا فیصلہ آئین کے مطابق دیا اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار آئین کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان ہے۔سپریم کورٹ کے خلاف زہر اگلنے والے مکمل طور پر شکست فاش کھائیں گے،حکومتیں آئین کی بالادستی کیلئے کام کرتی ہیں مگر یہ کرہ ارض کی پہلی حکومت ہے جوعوام کو عدلیہ کے فیصلے نہ ماننے کی تر غیب دے کر لاقانونیت کو فروغ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سپریم کوٹ کا فیصلہ تسلیم نہ کر کے موجودہ حکمرانوں نے اپنے خلاف ایک بہت بڑی چارج شیٹ تیار کر لی ہے اس کا انہیں بالآخر جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان54ہزار ارب کا مقروض ہو گیا،غریب آٹے کی قطاروں میں رسوا ہو رہا ہے،چھوٹی بڑی انڈسٹری کو تالے لگ رہے ہیں جبکہ بد بخت سپریم کورٹ کو تالے لگانے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہاکہ سول سوسائٹی اور وکلا برادری کوفاشزم کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔سپریم کورٹ آئین اور 22کروڑ عوام کے آئینی مفادات کا محافظ ادارہ ہے ملزمان کو اس آئینی ادارے کے وقار سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں