نواز شریف اور مریم نواز نے بھی چیف جسٹس سے بڑا مطالبہ کر دیا

لندن / لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے چیف جسٹس سے مستعفی ہونے کو کہا گیا تھا۔اپنے ایک بیان میں نواز شریف نے کہا “عدالتیں قوموں کو بحرانوں سے نکالتی نہ کہ بحرانوں میں دھکیلتی ہیں۔چیف جسٹس نے نہ جانے کون سا اختیار استعمال کر کے اکثریتی فیصلے پر اقلیتی رائے مسلط کردی۔اپنے منصب اور آئین کی توہین کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے والا چیف جسٹس مزید تباہی کرنے کے بجائے فی الفور مستعفی ہو جائے۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے چیف جسٹس کے خلاف ایک شہری کی جانب سے ریفرنس دائر کیے جانے پر کہا کہ چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس حکومت اور کابینہ کو دائر کرنا ہوگا۔

اگر صدر اسے روکتا ہے، تو دنیا برائی کے گٹھ جوڑ کو دیکھ لے گی اور جرائم میں ساتھیوں کی نشاندہی ہوجائے گی۔ یہ اس حقیقت کو مزید پختہ کرے گا کہ انہوں نے چیف جسٹس سے ہاتھ ملایا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ بھی ریفرنس دائر کر سکتی ہے۔ چیف جسٹس اور ان کے پسندیدہ ججز کو فیصلہ آنے تک استعفیٰ دینے کو کہا جائے۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ انصاف کو آسانی اور غیر جانبداری سے انجام دیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close