شیخ رشید بار بار میڈیا پر آ کر کہتے ہیں میں منشیات فروش ہوں، کس نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیخ رشید کی شکایت لگا دی؟ عدالت نے بھی شیخ رشید کو روک دیا

اسلام آباد (پی این آئی) تھانہ آبپارہ ایس ایچ او نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے روبرو شیخ رشید کی شکایت لگا دی،ایس ایچ او نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید بار بار میڈیا پر آ کر کہتے ہیں میں منشیات فروش ہوں،ان الفاظ سے میری ہتک عزت ہوتی ہے اور بچے مجھ سے پوچھتے ہیں۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی سندھ اور بلوچستان میں درج مقدمات کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی۔تھانہ آبپارہ ایس ایچ او نے عدالت کے سامنے شیخ رشید کی شکایت لگا دی،تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او نے سربراہ عوامی مسلم لیگ کی موجودگی میں عدالت کے روبرو جذباتی بیان دیا۔ ایس ایچ او نے بیان دیا کہ شیخ رشید بار بار میڈیا پر آ کر کہتے ہیں کہ میں منشیات فروش ہوں،میں روزے سے ہوں اور حلفاََ کہتا ہوں کہ منشیارت فروش نہیں ہوں۔شیخ رشید کے ان الفاظ سے میری ہتک عزت ہوتی ہے اور بچے مجھ سے پوچھتے ہیں۔جسٹس طارق محمود جہانگری نے ریمارکس دئیے کہ آئی جی ہو یا سپاہی ہمارے لیے قابل احترام ہے۔ عدالت نے ایس ایچ او سے مکالمہ کیا کہ آپ تحریری لکھ کر دیں،جو بھی ہوا قانون خود دیکھ لے گا۔ ایس ایچ اور نے جواب دیا کہ میں تحریری بھی لکھ کر دوں گا اور ویڈیو بھی دوں گا۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سربراہ عوامی مسلم لیگ سے مکالمہ کیا کہ شیخ رشید آئندہ ایسی بات نہیں کریں گے۔

 

 

 

شیخ رشید نے عدالت کے سامنے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ پہلے جو ہو گیا وہ ہو گیا،میں آئندہ ایسی بات نہیں کروں گا جس پر ایس ایچ او نے دوبارہ کہا کہ جو پہلے کیا اس پر معذرت کریں گے؟ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے شیخ رشید کے الزام کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے سوال کیا کہ غلیظ اور غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرنے پر کیا دفعہ لگتی ہے؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close