چینی کمپنی کا دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ میں مقامی افراد کو نوکریاں دینے کا اعلان، درخواستوں کی تاریخ دے دی

گلگت (آئی این پی ) چینی کمپنیاں مقامی کمیونٹیز کے لیے ملازمتیں پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ (ڈی بی ڈی پی ) کے مرکزی کنٹریکٹر پاور چائنہ نے گلگت بلتستان میں پروجیکٹ ایریا سے مقامی افراد کیلئے 190 ملازمتوں کا اعلان کیا ہے ۔گوادر پرو کے مطابق ڈی بی ڈی پی نے مرکزی کنٹریکٹر پاور چائنہ کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں اور پراجیکٹ ایریا سے دلچسپی رکھنے والے امیدوار کلیکٹر ڈی بی ڈی پی کے دفتر کے ذریعے جوائنٹ ایمپلائمنٹ کمیٹی واپڈا چلاس میں درخواست دے سکتے ہیں۔

گوادر پرو کے مطابق ملازمتوں کو دس زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کمپنی کو طویل مدتی بنیادوں پر 53 پیشہ ور تعمیراتی عملہ، 41 سٹیل فکسرز، 25 میسن، 24 ویلڈر اور 29 مزدوروں کی ضرورت تھی۔ دیگر میں سات ٹیکنیشن، پانچ سکیفولڈر، تین الیکٹریشن، دو ڈرلرز اور ایک ڈرائیور شامل ہیں۔ مقامی علاقے سے دلچسپی رکھنے والے امیدوار 11 اپریل 2023 تک درخواست دے سکتے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق پاور چائنہ باقاعدگی سے سائٹ ایریا کے لوگوں کو مستقل بنیادوں پر ٹریننگ اور ملازمتیں فراہم کر رہا ہے۔ دسمبر 2022 میں، کمپنی نے پروجیکٹ سائٹس پر 208 ہنر مند اور تکنیکی پیشہ ور افراد کو ملازمتیں فراہم کی تھیں۔ کمپنی نے اپنے مقامی ملازمین کی مہارتوں کو بڑھانے کے لیے ان کی مہارت کی تکمیل بھی کی۔ گوادر پرو کے مطابق ڈی بی ڈی پی دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جو29 2028- میں مکمل ہونا ہے۔

پاور چائنہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر پروجیکٹ کا ایک حصہ ایم ڈبلیو 1 ڈیم تعمیر کر رہا ہے۔ پروجیکٹ میں 1.23 ملین ایکڑ اضافی زمین کو سیراب کرنے کے لیے 8.1 ایم اے ایف کی مجموعی پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ 4,500 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت کے ساتھ یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو سالانہ 18 بلین یونٹس سے زیادہ فراہم کرے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close