لاہور (پی این آئی) اینٹی کرپشن پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف متحرک ہو گئی،سابق وفاقی وزیر مملکت زرتاج گل اور سابق وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کو طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل اور عثمان بزدار کو 10 اپریل کو طلب کیا ہے،زرتاج گل کو حلقے میں ترقیاتی کاموں میں کمیشن لینے کے الزام پر طلب کیا گیا ہے۔
زرتاج گل اور انکے شوہر ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز کی فراہمی پر 10 فیصد کمیشن لیتے تھے،اینٹی کرپشن نے کمیونٹی ڈیلویلپمنٹ پروگرام اسکیموں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا جبکہ پبلک ہیلتھ انجیئنرنگ کے افسران کو 10 اپریل کیلئے طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن نے عثمان بزدار کو تونسہ میں 70 کروڑ کی لاگت سے 50 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کے معاملے پر طلب کیا ہے،سابق وزیراعلٰی پنجاب پر محکمہ ہائی کے افسران اور ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے کرپشن کا الزام ہے،ذرائع اینٹی کرپشن کے مطابق ناقص میٹریل کے استعمال سے سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو جیل سے رہائی ملتے ہی اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا تھا، اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کی ٹیم گرفتاری کے بعد محمد خان بھٹی کو لے کر کیمپ جیل سے روانہ ہوئی،سیشن عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں محمد خان بھٹی کی ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کی تھی ۔ایڈیشنل سیشن جج چوہدری غلام رسول نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے بلاجواز مقدمات میں ملوث کیا گیا،منی لانڈرنگ کا اسی نوعیت کا ایک مقدمہ ہائیکورٹ خارج کر چکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں