اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کا پورا شیڈول جاری کیا جو الیکشن کمیشن کا کام ہے تو پھر نتائج کا اعلان بھی کر دیتی۔سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا کہ آج کے عدالتی فیصلہ سے نظریہ سہولت کے ساتھ ساتھ نظریہ محبت بھی جھلک رہا ہے،
ہمیشہ لو سٹوری پر مبنی فیصلوں نے ملکی سالمیت کو خطرات سے دوچار کیا ہے، فیصلے سے سیاسی، آئینی اور عدالتی بحران میں مزید خوفناک اضافہ ہوگا۔حافظ حمد اللہ نے کہا کیا یہ بہتر نہیں کہ الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ میں ضم کیا جائے، عجیب فیصلہ ہے پنجاب میں الیکشن کروانا سپریم کورٹ کا اور کے پی کے میں الیکشن کمیشن کا کام ہے، آج کے فیصلے سے الیکشن کمیشن شہید ہو گیا، اناللہ وانا الیہ راجعون، آج کا فیصلہ عدالتی تاریخ کے سیاہ فیصلوں میں شمار اور یاد کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں