جنرل فیض کے بھائی کیخلاف بھی گھیرا تنگ کر دیا گیا

راولپنڈی (پی این آئی) اینٹی کرپشن نے فیض حمید کے بھا ئی نجف حمید کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نےراولپنڈی اورچکوال کے ڈپٹی کمشنرز سے نجف حمید کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کر لی۔

تفصیلات کے مطابق چکوال کے گرداور اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرد فیض حمید کے بھائی نجف حمید محکمہ اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔اینٹی کرپشن نے نجف حمید کے خلاف انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے کرپشن کی تحقیقات شروع کردیں۔ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرد فیض حمید کے بھائی نجف حمید پر خلاف ضابطہ ترقی اور آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے راولپنڈی اورچکوال کے ڈپٹی کمشنرزسے نجف حمید کے نام پر موجود جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔واضح رہے کہ آج سے ایک ماہ قبل سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے بھائی نائب تحصیلدار سردار نجف حمیدخان کو معطل کردیا گیا تھا۔

کمشنر آفس راولپنڈی کی جانب سے جاری اعلامیے میں نجف حمید کو چارج فوری طور پر چھوڑ کر کمشنر آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ نائب تحصیلدار سردار نجف حمید خان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا تھا۔ معطل ہونے والوں میں محکمہ مال چکوال کے 4 گرداور اور 8 پٹواری بھی شامل تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close