لاہور(پی این آئی) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے زمان پارک میں پولیس پر تشدد، جلائوگھیرائو، قتل اور اقدام قتل کے کیس میں پیش نہ ہونے پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں فواد چودھری اور حماد اظہر کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں جبکہ پولیس کی طرف سے پی ٹی آئی کے رہنمائوں جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کو بے گناہ قرار دیدیا گیا جس بناء پرا نہوں نے اپنی ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی جج عبہر گل نے بطور ڈیوٹی جج پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی ۔فواد چودھری اور حماد اظہر کے وکلاء نے زمان پارک میں پولیس پر تشدد، جلائو گھیرائواور قتل، اقدام قتل کے کیس میں ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تاہم عدالت نے اسے نا منظور کرتے ہوئے فواد چودھری اور حماد اظہر کی ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کر دیں۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملزموں نے ضمانتی مچلکے بھی جمع نہیں کرائے اور پیش بھی نہیں ہوئے۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ عدالت میں پیش ہوئے ۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کو تفتیش میں بے گناہ قرار دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزمان کی گرفتاری مطلوب نہیں ۔پولیس رپورٹ کے بعد جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کی عبوری ضمانت کی درخواست عدالت سے واپس لے لی جس پر عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں