پشاور(پی این آئی)خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس نے ایک شخص کی گاڑی سے 60 کلوگرام چرس برآمد کی ہے جس نے جعل سازی کر کے فوج میجر رینک کے افسر کی وردی پہنی ہوئی تھی۔
سنیچر کو رات گئے محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر مردان میں ناکہ بندی پر ایک مشکوک گاڑی روکی جس میں موجود ایک باوردی شخص نے خود کو میجر ظاہر کیا تاہم جب ایکسائز پولیس کی جانب سے گاڑی کی تلاشی کا کہا گیا تو اس شخص نے فوراً گاڑی دوڑادی۔محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کی جانب سے کافی دور تک تعاقب کرنے کے بعد گاڑی کو رسالپور پھاٹک کے پاس روک کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ محکمہ ایکسائز کے ترجمان کے مطابق گاڑی کی تلاشی کے دوران 60 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جس کو پنجاب سمگل کیا جا رہا تھا۔ملزم ایبٹ آباد کا رہائشی ہے جس نے میجر کی جعلی وردی پہنی ہوئی تھی اور گاڑی پر بھی جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔ایکسائز سرکل انچارج سید نوید جمال نے اردو نیوز کو بتایا کہ ملزم کو پکڑنے کی کوشش میں ایکسائز پولیس کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران دس مرتبہ منشیات پنجاب سمگل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف منشیات سمگلنگ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پاکستان آرمی کو بدنام کرنے کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں