سسٹم کے ساتھ کھلواڑ نہیں، سب کا احتساب ہو گا، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے اعلان کر دیا

میرپور(آئی این پی)وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے واضح کیا ہے کہ سسٹم کے ساتھ کسی کو کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے سب کا احتساب ہوگا اگر کوئی راہ راست پر واپس آنا چاہیے تو اسے ویلکم کریں گے،تحریک انصاف میں رہ کر اپنی حکومت کے خلاف سازش کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ،آزاد کشمیر کی مستحکم اور پختہ جمہوری حکومت کو کمزور کرنے کی سازش ہورہی ہے،ریاست کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،سپیکر اسمبلی درویشی کا دعوی کرتے ہیں یہ کس بنیاد پر اسمبلی کا سیشن مہینوں سے جاری رکھے ہوئے ہیں؟،

اختیارات کے حدود اور قیود کا خیال رکھا جائے اسمبلی میں سوال کیا پوچھے جارہے ہیں اگر ہم بولتے نہیں تو اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ ہمیں کچھ پتہ نہیں، چیئرمین احتساب بیورو کو کہہ دیا ہے کہ ہر کسی کو قانون کے دائرے میں لیکر آئیں اور پوچھ کچھ شروع کریں۔جمعہ کو میرپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے جمہوری سسٹم اور ڈھانچے کے ساتھ کسی کو بھی کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔ 19 دسمبر سے قانون ساز اسمبلی کا سیشن لگاتار چلانا سمجھ سے بالاتر ہے،شاہد کوئی سمجھتا ہو کہ میں کوئی آرڈیننس لانا چاہتا ہوں۔ سردار تنویر الیاس نے کہاکہ آزاد کشمیر کی مستحکم اور پختہ جمہوری حکومت کو کمزور کرنے کی سازش ہورہی ہے۔ریاست کے وقار پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔آزاد جموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی کا سیشن 19 دسمبر سے دن رات چل رہا ہے لیکن اس میں کوئی قانون سازی نہیں ہو رہی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ فلور کراسنگ کا کسی کو راستہ نہیں دیں گے پاکستان تحریک انصاف کا ایم ایل اے ہونا اگر کوئی جرم ہے تو پی ٹی آئی کے ممبران اس جرم کی سزا کے لئے تیار ہیں۔ سپیکر اسمبلی درویشی کا دعوی کرتے ہیں یہ کس بنیاد پر اسمبلی کا سیشن مہینوں سے جاری رکھے ہوئے ہیں؟ ۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ اختیارات کے حدود اور قیود کا خیال رکھا جائے اسمبلی میں سوال کیا پوچھے جارہے ہیں اگر ہم بولتے نہیں تو اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ ہمیں کچھ پتہ نہیں۔بھارت نے جی 20 کا سربراہ ہونے پر مقبوضہ کشمیر میں سیشن کروائے لیکن اس پر ہماری اسمبلی میں بات نہیں کی گئی۔ آزاد کشمیر میں 90 فیصد سیکرٹریز اسٹے آرڈر پر ہیں ڈپٹی کمشنر کے کئی تبادلہ جات کے آرڈر بھی ریورس ہوئے، تحصیلدار بھی سٹے پر ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ چیف ایگزیکٹو کا اختیار ہے کہ وہ کس کو کس جگہ لگائے قانون وآئین کے تحت ملازمین کی ذمہ داریاں ہیں۔ بطور وزیراعظم کسی وزارت میں دخل نہیں دیا نہ کسی جگہ بھرتیاں کروائی اور نہ ہی غلط کام کیا ہے نہ کسی کو کرنے دونگا۔

آزاد کشمیر میں کہڑے احتساب کی ضرورت ہے آزاد کشمیر اور گلگت کی مشترکہ میڈیکل یونیورسٹی قائم کررہے ہیں، سردار تنویر الیاس نے کہاکہ چیئرمین احتساب بیورو سردار نعیم شیراز کو کہہ دیا ہے کہ ہر کسی کو قانون کے دائرے میں لیکر آئیں اور پوچھ کچھ شروع کریں۔ مظفرآباد میں برہان وانی شہیدکے نام پرکارڈیک ہسپتال میں کارڈیک سرجن،فزیشن سمیت 52 آسامیاں تخلیق کی جارہی ہیں۔مظفرآباد میں برہان وانی شہیدکے نام پر اسٹیٹ آف آرٹ امراض قلب ہسپتال بنا رہے ہیں، آزادکشمیر پولیس میں سات سو سے زائد پولیس اہلکاروں کی آسامیاں کی تخلیق کی جارہی ہیں جن میں ٹریفک اور ٹورازم پولیس بھی شامل ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ایم این سی ایچ کے 382 ملازمین کو مستقل کر دیا۔26 سو سے زائد ایڈہاک ملازمین مستقل کررہے ہیں، بلدیاتی الیکشن ہماری حکومت نے کروائے اور سیاسی نظام کو مضبوط کرتے ہوئے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے۔ میرپور میں ڈرائی پورٹ کا اسی ماہ میں افتتاح کریں گے۔ سردار تنویر الیاس نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سیالکوٹ کی طرز پر میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ تعمیر کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی ائیر لائن بھی شروع کریں گے۔ اسلام گڑھ اور کھڑی کو تحصیل کادرجہ دے دیا گیا ہے جبکہ بھمبر میں کلری کو تحصیل کا درجہ دینے کا فوری نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ہماری حکومت پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے ریاست کی معیشت کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے اقدامات کر رہی۔انھوں نے کہاکہ ریاستی گھریلوں مصنوعات کی تیاری اور ان کی عالمی سطع پر نمائش کروا نے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ آزادکشمیر میں رزاعت کی ترقی کے لئے زعفران اور چائے کی کاشت کے لئے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر وزرا حکومت چوہدری یاسر سلطان،ظفر اقبال ملک،چوہدری مقبول گجر،معاون خصوصی راجہ محمد سبیل۔ سیاسی مشیر افتخار رشید۔ میڈیا ایڈوائزر سردار زاہد تبسم۔ ترجمان توصیف عباسی و دیگر بھی موجود تھے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں