لاہور(آئی این پی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور، سمبڑیال اورسیالکوٹ میں مفت آٹا سنٹرز کے اچانک دورے کئے۔ محسن نقوی نے ماڈل بازار ،ٹھوکر نیاز بیگ لاہو رکا دورہ کیا۔بعدازاںمحسن نقوی نے سمبڑیال روڈ رحمت ہال اور انوار کلب سیالکوٹ میں مفت آٹے کے سنٹرز کا دورہ کیا۔ سمبڑیال روڈ رحمت ہال میں آٹے کی عدم دستیابی پر شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے جس پرمحسن نقوی نے شدید برہمی کااظہار کیا اور آٹے کے ٹرک کی فوری موجودگی سنٹر پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی کی موجودگی میں ہی ٹرک فوری طورپرآٹا لے کر سنٹر پہنچ گیااورشہریوںکو 10کلو آٹے کے 2 ،2تھیلے بالکل مفت تقسیم کئے گئے۔محسن نقوی نے شکایات نوٹ کیں اور اپنے عملے کو ازالے کیلئے ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے سنٹر زپرمفت آٹے کی تقسیم کے انتظامات کا مشاہدہ کیا ۔محسن نقوی نے شہریوں سے آٹے کی دستیابی اور سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔شہریوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تصدیق نہ ہونے کے بارے میں بھی شکایات کیں۔محسن نقوی نے شہریوں سے ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لئے موثر میکنزم بنایاہے۔ سیلاب کے باعث پھلوں کی قلت ہے ،ہم پھل امپورٹ کررہے ہیں۔ مفت آٹے کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیئے۔سنٹرزپر موجود شہریو ںکو ہر صورت آٹا ملنا چاہیئے۔مفت آٹا سنٹرز کے دور وں کا مقصد سہولتوں کا جائزہ لینا ہے اور صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ قبل ازیں محسن نقوی نے ماڈل بازار ٹھوکر نیاز بیگ کا اچانک دورہ کیا اور مفت آٹے کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مرد و خواتین سے آٹے کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا ۔ مرد و خواتین نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہونے کے حوالے سے شکایات کیں۔ محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات سنیں اور موقع پر ان کے حل کے لئے ہدایات جاری کیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام سے بات چیت کرکے مسئلے کو حل کیا جا رہا ہے اور سنٹرز پر انتظامات کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو عزت کے ساتھ آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کی سہولت کیلئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں