اسلام آباد(پی این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ان لینڈ ریونیو ملازم نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر کرپشن کرنےکی اجازت مانگ لی۔
ملازم نے خط کے متن میں کہا ہے کہ مہنگائی کے باعث گھریلو اخراجات تنخواہ سے پورے نہیں ہو رہے، گھریلو اخراجات ایک لاکھ 10 ہزار 500 روپے تک اور تنخواہ کم ہے، تنخواہ نہیں بڑھائی توکرپشن کرنےکی اجازت دی جائے۔ملازم نے وزیراعظم کو خط لکھا کہ مہنگائی اوراخراجات بڑھنے کے باعث مستقبل کیلئے کوئی جمع پونجی نہیں، نیب، ایف آئی اے، پی ایم آفس اور دیگر اداروں کے ملازمین کی تنخواہ زیادہ ہے۔ملازم کا کہنا تھاکہ کم تنخواہ اور مہنگائی کے باعث گھریلو اخراجات پورےکرنا ممکن نہیں رہا۔ملازم نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر ان لینڈ ریونیو ملازمین کیلئے ایگزیکٹو الاؤنس فراہم کیا جائے۔خیال رہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.80 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 46.65 فیصد ہو گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں