نواز شریف نے پاکستان واپسی سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

لندن(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ( ن ) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے میرا دل پاکستان اور پاکستانی قوم کے ساتھ دھڑکتا ہے ، ملک پر چار سال عمران نیازی کو مسلط نہ کیا جاتا تو اس کے کئی برس تک رہنے والے برے آثار پیدا نہ ہوتے۔

نیازی حکومت نے ابتری کے جو حالات پیدا کئے انہیں ختم کرنے میں کافی وقت لگے گا تاہم وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور انکی پوری ٹیم ملک کودلدل سے نکالنے کیلئے دن رات کوشاں ہے ، اٹک میرا دوسرا گھر ہے جس کو میں کبھی نہیں بھول سکتا۔ وہ لندن میں اپنی رہائشگاہ پر اٹک کی سرکردہ شخصیت و سابق وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان کے ہونہار فرزند ملک آذان اعوان کے ساتھ گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان سے خصوصی ملاقات کی ، اس موقع پر حسین نواز بھی موجود تھے، ملاقات میں میاں نواز شریف سے ملک آذان اعوان کا موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اٹک کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے میاں نواز شریف کواپنے والد بزرگوار ملک طاہر اعوان کا اٹک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے خصوصی پیغام بھی پہنچایا، میاں نواز شریف نے ضلع اٹک کے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگی رہنمائوں بالخصوص اپنے ساتھی سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کے فرزند سابق ایم پی اے جہانگیر خانزادہ اور شاویز خان کا بطور خاص حال احوال دریافت کیا۔

میاں نواز شریف نے مزید کہا کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے اور الیکشن مہم میں حصہ لیں گے ، ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ ٹکٹ میرٹ پر صرف نظریاتی لوگوں کو دیئے جائیں گے جو شروع سے اب تک پارٹی کے ساتھ رہے ہیں ، مضبوط سوشل میڈیا فورم رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں