مینار پاکستان جلسے سے پہلے ایک اور پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کر لیا گیا

لاہور/ وہاڑی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مینار پاکستان جلسے سے قبل رہنماؤں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ وہاڑی سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 232 سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار کاشف خان خاکوانی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

کاشف خاکوانی کو پولیس نے ان کے ڈیرے پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا، اس دوران ہاتھا پائی کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ انہیں تھانہ جھال سیال پولیس نے فضل واہ سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا ہے۔ کاشف خان کے بھائی مدثر خان خاکوانی کے مطابق ان کے بھائی پر کوئی بھی کیس رجسٹرڈ نہیں ہے، انہیں صرف عمران خان کا ساتھ دینے کی سزا دی جا رہی ہے، اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ان کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔خیال رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے ہفتہ 25 مارچ کو لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے، یہ جلسہ تراویح کی نماز کے بعد تقریباً نو بجے شروع ہوگا۔ جلسے کے اعلان کے بعد سے ہی تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی مختلف علاقوں سے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا اظہر مشوانی کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں