پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں واپسی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) اسپیکر راجہ پرویزاشرف نے پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں واپسی کی ایک اور درخواست مسترد کردی۔تحریک انصاف کے عامر ڈوگر نے اسمبلی میں واپسی کے لیے اسپیکر سے رابطہ کیا۔عامر ڈوگر نے عدالتی فیصلوں کی کاپی کے ساتھ اسپیکر سے ایوان میں واپس آنے کی درخواست کی تھی۔

اسپیکر نے جواب دیا کہ کسی عدالت فیصلے میں اسپیکر کا استعفوں کی منظوری کا کا حکم مسترد نہیں کیا گیا۔عدالتوں نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن معطل کیا اور ضمنی انتخاب بھی ملتوی ہو گئے۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے ہونے والے عام انتخابات ملتوی کر دیئے جبکہ 8 اکتوبر 2023ء انتخابات کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے اس کا شیڈول بعد میں جاری کرنے کا حکمنامہ جاری کیا ہے۔بدھ کو الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور چاروں ممبران کے دستخطوں سے جاری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے گورنر پنجاب سے 24 جنوری کو 9 سے 13 اپریل کے درمیان عام انتخابات کیلئے تاریخ دینے کے حوالہ سے خط لکھا جبکہ 29 جنوری کو انہیں یاد دہانی کا ایک اور خط لکھا گیا تاہم ان کی جانب سے پولنگ کیلئے تاریخ مقرر نہیں کی گئی، گورنر کی جانب سے یکم فروری کو کمیشن سے کہا گیا کہ وہ ملک کی معاشی صورتحال اور موجودہ سکیورٹی کے خدشات کے حوالہ سے تمام فریقین سے مشاورت کریں۔

اسی دوران لاہور ہائی کورٹ میں انتخابات کی تاریخ دینے کے حوالہ سے رٹ پٹیشن بھی دائر کی گئی جس پر فیصلہ دیا گیا کہ گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن تاریخ دیں، لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کمیشن نے مشاورت کا سلسلہ شروع کیا تاہم گورنر پنجاب کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ انہوں نے اسمبلی کی تحلیل نہیں کی اس لئے یہ ان کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ پولنگ کی تاریخ دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close