پشاور(پی این آئی) رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق اعلان تاخیر کا شکار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں جاری ہے، تاہم اعلامیہ معمول سے زیادہ تاخیر کا شکار ہو گیا۔ رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان میں تاخیر کی وجہ سامنے آ گئی۔
پشاور اور مردان سے چاند دیکھنے کی 5 شہادتیں ہونے کی اطلاعات ہیں، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو شہادتیں باقاعدہ موصول ہونے کا انتظار ہے، جس کے بعد ہی حتمی اعلان کیا جائے گا۔ جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان میں چاند نظر نہیں آیا، 3 زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔دوسری جانب ملک میں چاند نظر آنے کا امکان ختم ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق 7 بج کر 32 منٹ تک چاند دکھنے کا امکان تھا۔ محکمہ موسمیات کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بج کر 23 منٹ پر ہوئی۔ بتایا گیا کہ 22 مارچ کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے سے زائد ہوگی۔بدھ کے روز غروب آفتاب 6 بج کر 41 منٹ پر ہو گا، جبکہ غروب قمر 7 بج کر 32 منٹ پر ہوگا۔ یوں غروب آفتاب کے بعد 51 منٹ تک چاند نظر آنے کا امکان موجود تھا۔ تاہم 7 بج کر 32 منٹ تک ملک کے کسی حصے سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہو سکی۔ سب سے پہلے لاہور کی زونل رویت ہلال کمیٹی نے چاند کی رویت سے متعلق باقاعدہ اعلان کیا۔اعلامیہ کے مطابق زونل رویت ہلال کمیٹی کو صوبائی دارالحکومت میں چاند کی رویت کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہ ہوئی۔لاہور میں ماہ مبارک کا چاند شام 7 بجکر 5 منٹ تک نظر آنے کا امکان تھا۔
تاہم موسم ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر نہ آ سکا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے کسی حصے سے تاحال چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہو سکی، محکمہ موسمیات کے مطابق موسم ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کا امکانات انتہائی کم ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے ملک کے کچھ علاقوں میں مطلع صاف جبکہ کچھ علاقوں میں مطلع ابرآلود ہے۔رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہو رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں برس رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں نہیں ہوا۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 22 مارچ کی شام پشاور میں جاری ہے جس میں رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ دفاتر میں ہو رہے ہیں۔ رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے رکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چئیرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں۔ ملک میں رمضان المبارک کے آغاز کی تاریخ سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں