پشاور (پی این آئی) مفتی پوپلزئی کا چاند کی شہادتیں موصول ہونے کا دعوٰی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں مفتی پوپلزئی کی زیر صدارت غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اس حوالے سے ٹوئٹر پر پیغام بھی جاری کیا گیا ہے۔
مختلف اضلاع سے چاند دیکھنے کی غیر مصدقہ شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ جس کو شریعت مطہرہ کے ترازو پر تولا جائیگا ۔ بحمداللہ
— Mufti Shahabuddin Popalzai (@MuftiPopalzai) March 22, 2023
مفتی پوپلزئی نے دعوٰی کیا ہے کہ مختلف اضلاع سے چاند دیکھنے کی غیر مصدقہ شہادتیں موصول ہوئی ہیں، شہادتوں کو شریعت مطہرہ کے ترازو پر تولا جائیگا۔جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان میں چاند نظر نہیں آیا، 3 زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ ملک میں چاند نظر آنے کا امکان بھی ختم ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق 7 بج کر 32 منٹ تک چاند دکھنے کا امکان تھا۔محکمہ موسمیات کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بج کر 23 منٹ پر ہوئی۔بتایا گیا کہ 22 مارچ کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے سے زائد ہوگی۔ بدھ کے روز غروب آفتاب 6 بج کر 41 منٹ پر ہو گا، جبکہ غروب قمر 7 بج کر 32 منٹ پر ہوگا۔ یوں غروب آفتاب کے بعد 51 منٹ تک چاند نظر آنے کا امکان موجود تھا۔ تاہم 7 بج کر 32 منٹ تک ملک کے کسی حصے سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہو سکی۔ سب سے پہلے لاہور کی زونل رویت ہلال کمیٹی نے چاند کی رویت سے متعلق باقاعدہ اعلان کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں