حکومت نے رواں برس کے لیے زکوۃ کا نصاب مقرر کر دیا

لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ 2023ء) حکومت نے رواں برس کے لیے زکوۃ کا نصاب مقرر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت برائے تحفیف غربت و سماجی تحفظ نے سال 2023ء کے لیے زکوٰۃ کا نصاب جاری کردیا اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق سیونگ اکاؤنٹ میں کم از کم 1 لاکھ 3 ہزار روپے رکھنے والے صارفین سے زکٰوة کی کٹوتی ہوگی اس سے کم رقم رکھنے والے افراد زکوۃ کٹوتی سے مستثنی ہوں گے۔ دریں اثنا جامعہ نعیمیہ لاہور نے رمضان المبارک میں صدقہ فطر اور فدیہ صوم کی شرح کا اعلان کردیا۔ جامعہ نعیمیہ کے مطابق گندم استعمال کرنے والوں کو صدقہ فطر 300 روپے فی کس اداکرنا ہوگا جبکہ جو کے حساب سے یہ شرح 450 روپے، کھجورکے تناسب سے 1600 روپے، کشمش کے مطابق 2500 روپے اور منقیٰ کے حساب سے 5 ہزار روپے اداکرنا ہوں گے۔ اسی طرح 30 روزوں کا فدیہ گندم کے تناسب سے 9 ہزار روپے، جو کے حساب سے 13 ہزار500 روپے، کھجورکے مطابق 48 ہزارروپے، کشمش کے حساب سے 75 ہزار جبکہ منقی کے حساب سے ڈیڑھ لاکھ روپے ادا کرنا ہوگا۔

یہاں واضح رہے کہ ملک میں رمضان المبارک کا آغاز جمعرات 23 مارچ سے ہونے کا امکان ہے۔ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بروز بدھ کو طلب کر لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ رواں برس رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں نہیں ہو گا۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 22 مارچ کی شام پشاور میں ہوگا جس میں رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ جبکہ اسی روز زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ دفاتر میں ہوں گے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے حوالے سے اہم پیشن گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر نے رمضان المبارک کے چاند کی پیشگوئی کی کہ رمضان المبارک کا چاند 22 مارچ کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بج کر 23 منٹ پر ہوگی، یوں 22 مارچ کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے سے زائد ہوگی، یوں اس روز چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔ بدھ کے روز غروب آفتاب 6 بج کر 41 منٹ پر ہو گا۔

جبکہ غروب قمر 7 بج کر 32 منٹ پر ہوگا۔ یوں غروب آفتاب کے بعد 51 منٹ تک چاند نظر آنے کا امکان موجود رہے گا۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے ملک کے کچھ علاقوں میں مطلع صاف جبکہ کچھ علاقوں میں مطلع ابرآلود ہو گا۔ جبکہ واضح رہے کہ پاکستان میں تو رمضان المبارک کا چاند 22 مارچ کو دیکھنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں کل 21 مارچ بروز منگل کو ماہ مبارک کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close