جنوبی وزیرستان (پی این آئی) جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈا میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انگور اڈا کے مقام پردہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں 7 سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں میں 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے کھوٹی میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے۔ شہدا میں حولدار محمد اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے جبکہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن کیا گیا اور دہشت گردوں کے فرار کے تمام راستے مسدود کیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پر عزم ہے، ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں