لاہور (پی این آئی)لاہور ہائی کورٹ میں طارق سلیم شیخ کی عدالت کے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرنے کے بعد عمران خان جسٹس شہباز رضوی کی عدالت میں پہنچ گئے۔زمان پارک میں آپریشن کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان روسٹرم پر آ گئے۔ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے عدالت کے روبرو بیان میں کہا کہ میری اہلیہ گھر پر تھیں، میرے گھر کے شیشے توڑے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ میں اسلام آباد میں تھا کہ پولیس نے میرے پیچھے گھر میں کارروائی کی،
میری بیوی گھر پر اکیلی تھی، شیشے ٹوٹنے پر اس نے چیخیں ماریں، گھر میں پولیس کی کارروائی کی فوٹیج موجود ہے۔عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ آج میں چھپ کر عدالت پہنچا ہوں، اس گاڑی میں آیا ہوں جس کو کوئی نہیں جانتا، آج میں بغیر کسی قافلے کے آیا ہوں، جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر مجھے روکا گیا تاکہ عدالت نہ پہنچ سکوں۔جسٹس طارق سلیم شیخ نے تنبیہ کی کہ میڈیا پر بیٹھ کر جو عدلیہ کا مذاق بنا رہے ہیں میں ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کروں گا، اگر تمام فریقین نے عدلیہ کی عزت نہ کی تو پھر توہینِ عدالت کی کارروائی کروں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں