لاہور (پی این آئی) ن لیگ کے سینئر رہنما اور ممبر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما سردار منصب علی ڈوگر نے عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹویٹر اکاوںٹ سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے دیوار سے لگانے کی سازش کے باوجود سیاسی رہنماوں کے تحریک انصاف پر اعتماد کے اظہار کا سلسلہ جاری ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے پاکپتن کے (ن) لیگی ممبر قومی اسمبلی سردار منصب علی ڈوگر اور قصور سے نامور خاتون سیاسی رہنما ناصرہ میو نے ملاقات کی۔ سردار منصب علی ڈوگر اور ناصرہ میو نے عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔
محترمہ ناصرہ میو ماضی میں پیپلز پارٹی سے منسلک رہیں، اب آزاد حیثیت میں قصور کی سیاست کا ایک قد آور نام ہیں، دونوں رہنماؤں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سردار منصب علی ڈوگر مسلم لیگ ن سے دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور دو مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، مسلم لیگ ن نے 2018 میں سردار منصب علی ڈوگر سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ واپس لے لیا تھا۔ تحریک انصاف نے سردار منصب علی ڈوگر کو پی پی 191 سے صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سردار منصب علی ڈوگر 30 سال سے مسلم لیگ ن میں شامل تھے، مسلم لیگ ن نے سردار منصب علی ڈوگر کی تمام قربانیوں کو نظر انداز کر کے ٹکٹ واپس لیا تھا، ان کا میاں محمد نواز شریف سے 30 سالہ رفاقت کا تعلق ختم ہو گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں