عمران خان کی گرفتاری اور پورے ملک میں ایکساتھ انتخابات کی پیشنگوئی کر دی گئی

کراچی ( پی این آئی) پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ عمران خان مارچ نہیں تو اپریل میں گرفتار ہو جائیں گے،پورے ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سیاست میں پیش گوئیاں کرنے والے مشیر زراعت سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے نئی پیش گوئی کر دی۔

انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے کہ عمران خان مارچ نہیں تو اپریل میں گرفتار ہوجائیں گے،سیاستدانوں کے احتساب کی طرح سب کا احتساب ہونا چاہیے۔پورے ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہوں گے،75 سال میں جو کبھی نہیں ہوا وہ ہونے والا ہے۔ منظور وسان نے اپنی بھی تعریف کی اور کہا کہ میرے سارے سیاسی خواب درست ہوتے ہیں۔ مشیر زراعت سندھ کا زراعت سے متعلق کہنا تھا کہ جب تک زراعت میں نئی ٹیکنالوجی نہیں آئے گی،ہم کامیاب نہیں ہوسکیں گے،کسانوں کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بھی آگاہی دی جارہی ہے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کسانوں کو بیج کی مد میں سبسڈی دے رہے ہیں۔سندھ کے ہر محکمے میں اعداد و شمار کا بحران ہے،میرے ڈپارٹمنٹ کے پاس یہ ڈیٹا نہیں تھا کہ کتنی زمین اور کتنے کسان ہیں،ٹڈی دل کے منصوبے میں جو بھی کوتاہیاں ہوئی ہیں ان پر ایکشن لیا جائے گا۔ قبل ازیں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ پچھلے چارپانچ دن سے پاکستان میں وہ کچھ ہو رہا ہے جو75 سالوں میں نہیں ہوا،جو شخص بیرونی طاقتوں کی مدد سے ملک میں انارکی پیدا کر رہے ہیں، انہیں عدالتوں سے ریلیف دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لئے ریلیف کا جمعہ بازار لگا دیا گیا ہے،انہیں بائے ون گیٹ نائن کے پیکیج دیئے جا رہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو عدالتوں سے کسی قسم کا ریلیف نہیں انصاف چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں