وفاق اور پنجاب کے بعد ایک اور صوبے میں عوام کو مفت آٹا فراہم کرنے کا فیصلہ

پشاور (پی این آئی ) صوبہ خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے رمضان المبارک میں مستحق خاندانوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ خوراک نے مفت آٹے کی تقسیم سے متعلق کمشنرز اور ڈی سیز سمیت متعلقہ محکموں کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ رمضان میں 50 لاکھ سے زائد خاندانوں کو 10 کلو گرام کے 3 تھیلے مفت فراہم کیے جائیں گے۔

 

 

 

مفت آٹا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹررڈ مستحقین میں تقسیم کیا جائے گا۔خط میں بتایا گیا ہے کہ مفت آٹے کی تقسیم کیلئے 2لاکھ 75 ہزار 500 میٹرک ٹن مفت گندم فراہم کی جائے گی، رجسٹرڈ خاندانوں کی تعداد کے مطابق فلور ملز کو گندم جاری کی جائے گی، فلورملز عوام کو منظور شدہ ایپ کے ذریعے 10 کلو گرام کے آٹے کا تھیلا مفت فراہم کریں گی۔اسی طرح پنجاب حکومت نے رمضان پیکج کے تحت 60 ہزار سے کم آمدن والوں کو مفت آٹا دینے کا اعلان کردیا، ایک شناختی کارڈ پر 10کلو آٹے کے 3 تھیلے مفت دیئے جائیں گے، آٹے کی فراہمی 25 شعبان سے شروع ہوگی، مفت آٹے کا پیکج 25 رمضان المبارک تک جاری رہے گا، آٹا مخصوص کریانہ اسٹورز اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب ہوگا، اس کے لیے غیررجسٹرڈ اہل خاندانوں کو رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

 

 

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ گھرانے بھی مفت آٹا اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔اس حوالے سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزراء ، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان پیکج کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد نگران پنجاب حکومت نے رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کیا، جس میں پنجاب کابینہ نے 53 ارب کے پیکج کے تحت مفت آٹا فراہم کرنے کی منظوری دی۔

close