زمان پارک میں لاہور پولیس کا آپریشن، ’نو گو ایریا کلیئر کر دیا‘

اسلام آباد (پی این آئی)لاہور پولیس زمان پارک کے علاقے میں واقع عمران خان کے گھر کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان کے اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے لیے روانہ ہونے کے بعد پولیس نے زمان پارک کے علاقے کو چاروں طرف سے گھیر لیا اور وہاں جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس کے مطابق عمران خان کے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمات کے تحت

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سرچ وارنٹ جاری کیے ہیں جس کے تحت پولیس چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر میں داخل ہوئی۔ اردو نیوز کے مطابق سرچ وارنٹ سنیچر کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جج عبہر گل نے جاری کیا جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ گھر کی تلاشی کے لیے تحقیقاتی افسر کے ہمراہ لیڈی پولیس افسر بھی موجود ہونی چاہیے جن کا رینک انسپکٹر سے کم نہ ہو۔پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے اندر سے ان پر فائرنگ کی گئی ہے اور پیٹرول بم پھینکے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا کہ ’عدالتی احکامات کے خلاف زمان پارک میں آپریشن جاری ہے۔ گھر پر صرف ایک نہتی گھریلو خاتون موجود ہے۔‘تجاوزات کو ہٹانے کے لیے پولیس کے ساتھ ضلعی حکومت کی اینٹی انکروچمنٹ فورس بھی موجود ہے جنہوں نےکرینوں کی مدد سے عمران خان کے گھر کے باہر لگے ٹینٹ اور مورچے توڑ دیے ہیں۔ زمان پارک میں گھر کے قریب تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا جس کے بعد ان پر

پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے۔ عمران خان کے گھر کے بیرونی گیٹ کو اندر سے بند کر کے چند کارکن چھتوں پر چڑھ گئے اور پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا جس کے بعد کرین کی مدد سے بیرونی گیٹ کو توڑ دیا گیا۔ پولیس کے مطابق گھر کے احاطے میں داخل ہونے کے بعد چھت سے ایک شخص نے سیدھا فائر کیا جس کی وجہ سے پولیس ایک دفعہ پیچھے ہٹی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close