زمان پارک میں پولیس آپریشن، پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں شروع

لاہور (پی این آئی )لاہور پولیس نے زمان پارک میں آپریشن شروع کر دیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع ہوگئی ہیں ۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان میں جتھوں اور تشدد کی سیاست کر رہا ہے، جمہوریت میں ہمیشہ بات چیت ہوتی ہے تشدد نہیں ہوتا۔عمران خان کے ساتھ زیادتی نہیں ہو رہی بلکہ وہ پاکستان کے آئین،

قانون اور عدالتوں کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے، پاکستان میں افراتفری اور انتشار پیدا کرکے دنیا کو بتایا جا رہا ہے کہ ان سے زیادتی ہو رہی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان اپنی انا کیلئے نوجوانوں کی قربانی دینا چاہتا ہے، عمران خان کی خواہش ہے کہ مزید چند نوجوانوں کی لاشیں گریں، یہ پاکستان سے محبت نہیں کرتا یہ لاشوں کا سوداگر ہے، پاکستان کے آئین اور قانون کے ساتھ کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے،

عمران خان اپنے کارکنوں کی لاشوں پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہا ہے، نہتے پولیس ملازمین پر عمران خان کے کارکنوں نے تشدد اور حملے کیے، پولیس ملازمین پر پٹرول بم پھینکے گئے جس سے لاتعداد ملازمین زخمی ہوگئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close