لاہور (پی این آئی ) آج تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو پٹرول 120 روپے کا ہوتا۔ تفصیلات کے مطابق معروف ماہر معیشت اور وزارت خزانہ کے سابق ترجمان مزمل اسلم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر ردعمل دیا گیا ہے۔
مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر جانے کے بعد پٹرول کم از کم 20 روپے اور ڈیزل 13 روپے سستا ہونا چاہیے تھا۔وزارت خزانہ کے سابق ترجمان کے مطابق ڈالر 100 روپے مہنگا نہ ہوتا اور آج تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو عالمی مارکیٹ میں تیل کی موجودہ قیمتوں کے حساب سے پٹرول 120 روپے کا ہوتا اور اگر آئی ایم ایف شرائط پوری کرتے تو بھی پٹرول زیادہ سے زیادہ 150 روپے تک ہوتا۔ واضح رہے کہ حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے باوجود پٹرولیم مصنوعات مہنگی کر دیں، پٹرول کی نئی قیمت 5 روپے کے اضافے کے بعد 272 روپے فی لیٹر ہو گئی، جبکہ حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 293 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل، گیس اور کوئلے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ عالمی مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 6 فیصد کمی سے 72 عشاریہ 80 ڈالرز کی سطح پر آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 6.39 فیصد کمی کے بعد 66.77 ڈالرز پر آگئی۔تیل کی قیمتوں میں کمی کے علاوہ گیس کی قیمت بھی ساڑھے 6 فیصد کم ہوئی ہے، جبکہ کوئلے کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اس وقت تیل کی قیمتیں دسمبر 2021 کی قیمتوں کی سطح پر آ گئی ہیں۔ یہاں یہ واضح رہے کہ روس اور یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 130 ڈالرز کی بلند ترین سطح پر بھی پہنچ گئی تھیں۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے دنیا بھر میں مہنگائی اور معاشی سست روی کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے پاکستان بھی برح طرح متاثر ہوا، جہاں گزشتہ ایک سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 120 روپے سے زائد اضافہ ہو چکا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں