حکومت نے سرکاری حج پر سبسڈی ختم کر دی

لاہور (پی این آئی) حکومت نے حج سبسڈی مکمل طور پر ختم کر دی، رواں سال سرکاری کوٹہ حاصل کرنے والے سرکاری حجاج کو سبسڈی نہیں ملے گی۔ حج اخراجات میں بھی 200 فیصد اضافہ ہو گیا، تحریک انصاف کی آخری حج پالیسی میں حج اخراجات 4 لاکھ روپے سے زائد تھے۔

رواں سال حج اخراجات سوا 12 لاکھ روپے ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے سرکاری حج اسکیم کا پیکج حاصل کرنے والے پاکستانی حجاج کو دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ رواں سال وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ حج اسکیم کے تحت ان حاجیوں کو کوئی سبسڈی فراہم نہیں کی گئی جو سرکاری اسکیم کے تحت حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب جائیں گے۔ سبسڈی کے خاتمے کے باعث اب ملک میں ناصرف غریبوں، بلکہ متوسط طبقے کیلئے بھی حج کا فریضہ ادا کرنا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت میں 4 لاکھ روپے میں ہونے والا حج رواں سال 12 لاکھ روپے میں ہو گا۔یوں موجودہ حکومت کے دور میں تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کی حج اسکیم کے مقابلے میں حج اخراجات میں 200 فیصد اضافہ ہو گیا۔ امسال پاکستانی عوام کے لئے سرکاری حج سکیم 11 لاکھ 75 ہزار اور دس ہزار کے فرق سے جنوبی علاقوں کے لئے ہوگی۔

سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والا فی پاکستانی عازم کم از کم ساڑھے 12 لاکھ تک خرچہ کرے گا، پرائیویٹ کے لئے کم از کم رقم ساڑھے 13 لاکھ تک پہنچ جائیگی اور زیادہ سے زیادہ 20 لاکھ تک ہوگی۔تحریک انصاف کی حکومت میں 2019ء میں کورونا سے قبل حج اخراجات سرکاری سکیم کے تحت 4 لاکھ 35 ہزار روپے تھے۔ 2019ء میں کورونا سے قبل حج اخراجات سرکاری سکیم کے تحت 4 لاکھ 35 ہزار روپے تھے۔ پھر 2020 اور 2021ء میں کورونا کے سبب بین الاقوامی دنیا کے لئے حج آپریشن معطل رہا، کورونا وبا کے پیش نظر حج بیت اللہ صرف مقامی سطح پر ادا کیا گیا ، جبکہ 2022ء میں حج بیت اللہ دنیا کے لئے مخصوص کوٹہ پر 40 سے 50 فیصد کٹ کیساتھ ادا کیا گیا۔گزشتہ سال حج اخراجات سرکاری سکیم کے تحت 8 لاکھ 61 ہزار روپے رکھے گئے۔ یوں 2022ء کی نسبت امسال سرکاری سکیم کے تحت تقریباً 40 فیصد سے زائد حج پیکج مہنگا ہوگیا۔

امسال پاکستان سمیت پوری دنیا کا کوٹہ بحال کردیا گیا اور حج آپریشن کو پہلے کی طرح مکمل کھول دیا گیا۔ پاکستان سے امسال 1 لاکھ 79 ہزار 210 حجاج فریضہ حج ادا کریں گے، 50 فیصد سرکاری عازمین سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے فیس کی مد میں وصول کئے جائیں گے، جبکہ نجی طور پر حج پر جانے والے 50 فیصد عازمین کیلئے کوٹہ 12 لاکھ سے 20 لاکھ تک پہنچنے کے امکانات ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں