عمران خان کی گرفتاری کیوں ہورہی ہے؟ وزیراعظم شہباز شریف نے بتا دیا

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے نوٹس عدالتوں سے جاری ہوئے اور اس سلسلے میں وہ کچھ نہیں کررہے۔ سی پی این ای کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط کا سامنا ہے، پاکستان کو معاشی، خارجی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم دیوالیہ پن کا جو خوف تھا وہ ختم ہوگیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے حکومت کے خاتمےکے خوف سے آئی ایم ایف کے معاہدےکی دھجیاں اڑائیں، آئی ایم ایف نےہماری حکومت کو کہا کہ معاہدے کو من و عن ماننا ہوگا، آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول کا معاہدہ جلد ہوجائےگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاثر تھا شہباز شریف حکومت نہیں چلا سکےگا لیکن ہم آگے بڑھ رہے ہیں، الیکشن وقت پرہوں گے تو آئین، قانون اور ریاست جاندار ہوگی، ملک آگے چلے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنا گھر ریگولرائز کرالیا، غریبوں کے گھر کو گرادیا، حکومت نے توشہ خانہ سے متعلق نئے قوانین بنائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مردم شماری کا آغاز ہوچکا، فنڈز مہیا کردیےگئے، صوبائی حکومتوں نے مردم شماری میں حصہ ڈالنا ہے، صوبائی حکومت کے مردم شماری سے متعلق تحفظات ہیں، انہوں نےکہا تحفظات دور کریں گے تو آگے چلیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے ایشوز سے متعلق گورنر نے لکھ کردیا ہے، 2 صوبوں میں الیکشن ہورہے ہیں، 2 میں نہیں، اس کے نتائج وقت بتائے گا، کوئی پارٹی الیکشن سے بھاگ نہیں سکتی۔ عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایک شخص خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، عمران خان اس وقت بیماری، بزرگی اور لاچاری کا واویلا کر رہے ہیں۔

عدالتوں پردھاوے اور ججز پرفقرےکسے جارہے ہیں، نواز شریف روز عدالت جاتے تھے، ان پر جعلی کیسز بنائے گئے تھے، کبھی کسی نے کہا کہ میں نہیں پیش ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں تو کچھ نہیں کررہا،گرفتاری کے نوٹس عدالتوں سےجاری ہورہے ہیں، ایک شخص جو خود کرتا تھا اس کا الزام ہمیں دے رہا ہے، آج عمران خان کہتا ہےکہ میں ایماندار ہوں تو سب سے بڑا جھوٹ ہے، عمران خان نے حکومت کے خاتمے کے خوف سے آئی ایم ایف کے معاہدے کی دھجیاں اڑائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں